بھٹکل 2 جون (ایس او نیوز) بھٹکل کے رکن اسمبلی سنیل نائک اور بی جےپی کے دیگر ارکان پر سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) نے کورونا قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی کا الزام عائد کرتےہوئے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر سے ان کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بھٹکل اے سی کو تحریری شکایت سونپتے ہوئے ایس ڈی پی آئی نے بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک پر الزام عائد کیا ہے کہ یکم جون کو بلڈ ڈونیشن کیمپ پھر ایمبولینس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ایم ایل اے کی قیادت میں ہی کورونا قوانین کی دھجیاں اُڑائی گئی ہیں اور ان پروگراموں میں کسی طرح کا سماجی فاصلہ برقرار نہیں رکھا گیا ہے۔ ایس ڈی پی آئی نے اس بات کا بھی الزام لگایا ہے کہ کورونا کے اس وبائی دور میں جہاں لوگ مررہے ہیں، ایم ایل اے کی قیادت میں ان پروگراموں میں عوام کثیر تعداد میں جمع تھے جس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا قوانین صرف عام لوگوں کےلئے بنائے گئے ہیں ؟ ان کے مطابق لوگوں کی بھاری تعداد میں ایک جگہ پر جمع ہونے اور سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے کی وڈیوز اور فوٹوز سوشیل میڈیا میں وائرل ہوچکے ہیں۔ اخبار نویسوں سے بات کرتےہوئے ایس ڈی پی آئی کے ضلعی صدر توفیق بیری نے بتایا کہ بلڈ ڈونیشن کیمپ میں 86 لوگوں نے خون کا عطیہ دیا ہے، لیکن جن لوگوں نے خون کا عطیہ دیا اُن کی کورونا رپورٹ نیگیٹیو تھی یا پوزیٹیو تھی، یہ دیکھے بغیر ہی ان کا خون لیا گیا اور اتنی بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے جہاں سوشیل ڈیسٹنس کا بھی کوئی نظام نہیں تھا۔
ایس ڈی پی آئی نے اس بات کا بھی الزام لگایا ہے کہ ایم ایل اے اپنے اسمبلی حلقہ کے کئی جگہوں پر آفسران کو روک کر اُنہیں کورونا کا سبق پڑھاتے ہیں جس کی وڈیو بھی وائرل ہوچکی ہے، لیکن خود سماجی فاصلہ برقرار نہیں رکھ رہےہیں ۔ ایس ڈی پی آئی نے سوال کیا کہ خود کووڈ ہدایات کی خلاف ورزی کرکے آخر وہ عوام کو کیا پیغام دینا چاہتےہیں ؟ ایس ڈی پی آئی نے یہ بھی پوچھا ہے کہ ایک ذمہ دار خود ایسی حرکت کرتا ہے تو پھر عام لوگ کیا کریں گے ؟ ایس ڈی پی آئی نے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتادیوی کو اپنی شکایت پیش کرتےہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے لیتے ہوئے جانچ کریں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کاروائی کریں۔
شکایت سونپتے وقت ایس ڈی پی آئی اُترکنڑا کے ضلعی صدر توفیق بیری، بھٹکل تعلقہ شاخ کے صدر وسیم منیگار، نائب صدر جاویدخان اور سکریٹری رفیق شیخ موجود تھے۔